حلب کے رہائشی علاقے پر امریکی فضائیہ کا حملہ
شام کے صوبہ حلب میں امریکا کے فضائی حملے میں کم سے کم پندرہ عام شہری مارے گئے ہیں
شام سے موصولہ خبروں کے مطابق امریکا کے لڑاکاطیاروں نے داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بہانے حلب میں عام شہریو ں پر بمباری کی جس میں کم سے کم پندرہ عام شہری مارے گئے ہیں – جاں بحق ہونے والوں میں تین معصوم بچے بھی شامل ہیں – شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے جس کا دفتر لندن میں ہے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ حلب کے منبج شہر میں کئے گئے – ایسا پہلی بار نہیں ہے جب امریکی فضائیہ نے دہشت گردوں کونشانہ بنانے کے بہانے عام شہریوں پر حملے کئے ہیں – شام کے عام شہریوں پر امریکی لڑاکا طیاروں نے یہ تازہ حملے ایک ایسے وقت کئے ہیں جب واشنگٹن نے اعلان کیا تھا کہ وہ شام میں روسی ہوائی حملوں سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے – روس نے ان خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ شام کے شہر ادلب میں روسی فضائیہ نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے – روسی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی فضائیہ کے طیاروں نے ادلب شہر میں کسی بھی فضائی کارروائی میں حصہ نہیں لیا ہے –