شام : خانہ جنگی میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل
شام میں انسانی حقوق کی رصدگاہ نے جمعرات کے روز ملک میں پانچ برس سے جاری خانہ جنگی میں ہلاکتوں کے نئے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ رصدگاہ کے مطابق مارچ 2011 سے 26 مئی بروز جمعرات کی صبح تک 282،283 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ہلاک شدگان میں 14،040 بچوں سمیت 81،436 شہری بھی شامل ہیں۔
رصدگاہ کے مطابق شامی اپوزیشن گروپوں اور سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (کرد یونٹوں پر مشتمل) سے تعلق رکھنے والے 45،568 جنگجو ہلاک ہوئے۔
اس کے مقابل شامی حکومت کی فورسز اور ان کے ہمنوا مسلح عناصر میں مارے جانے والوں کی تعداد 101،662 ہے جن میں 56،609 شامی فوجی اور لبنانی تنظیم حزب اللہ کے 1247 جنگجو شامل ہیں۔
ان کے علاوہ شدت پسند تنظیموں کے 47095 ارکان موت کی نیند سو گئے جن میں النصرہ محاذ اور داعش تنظیم کے جنگجو شامل ہیں۔ رصدگاہ نے 3522 ایسے افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔
یاد رہے کہ شام میں انسانی حقوق کی رصدگاہ کی جانب سے رواں سال 23 فروری کو جاری کیے گئے اعداد و شمار میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 271138 بتائی گئی تھی۔