بلوچستان میں چھ افغان شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار
پاکستان کے صوبۂ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی کے چھ اہلکاروں کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرفراز بگٹی نے جمعرات کے دن دعوی کیا کہ یہ افراد افغان پناہ گزینوں کے کیمپ میں رہتے تھے اور ایف سی کے اہلکاروں اور شہریوں پر حملہ کرتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ہونے والوں نے چالیس افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے یہ دعوی بھی کیا کہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
سرفراز بگٹی نے افغان پناہ گزینوں سے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس چلے جائیں وگرنہ ان کو دھکے مار کر پاکستان سے نکال دیا جائے گا۔ افغانستان کے سرکاری ذرائع نے چھ افغان جاسوسوں کی گرفتاری پر مبنی پاکستان کے دعوے کے بارے میں ابھی تک کسی طرح کا رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔