بینالی یلدریم ترکی کے نئے وزیر اعظم منتخب
انقرہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ترکی کے نئے وزیر اعظم بینالی یلدریم نے اتوار کو حکمراں جماعت انصاف اور ترقی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں، پارٹی کے لیڈر اور وزیر اعظم منتخب کئے گئے ۔ ان کے مقابلے میں کوئی دوسرا امیدوار نہیں تھا۔
یلدریم کا شمار ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے پرانے اتحادیوں اور حکمران جماعت کے بانی رہنماؤں میں ہوتا ہے ۔ انھوں نے بارہا ترکی میں پارلیمانی نظام حکومت کے بجائے صدارتی نظام حکومت قائم کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بینالی یلدریم نے پارٹی کا سربراہ اور وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد کہا ہے کہ ملک کے آئین میں بنیادی ترمیم کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کی اہم ترین ذمہ داری آئین میں ترمیم اور صدارتی نظام حکومت قائم کرنا ہے۔ ترکی کے نئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ قوم سے محبت اور مشکلات کو حل کرنا صدر کی ذمہ داری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا آئین ملک میں صدارتی نظام حکومت قائم کرنے کے لئے ہوگا۔
یاد رہے کہ ترکی کے سابق وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے صدر رجب طیب اردوغان سے اختلاف بڑھنے کے بعد چار مئی کو اپنے عہدے سے استعفاد دے دیا تھا ، جس کے بعد اتوار بائیس مئی کو انصاف اور ترقی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں ان کی جگہ پر بینالی یلدریم کو حکمران جماعت کا صدر اور وزیر اعظم منتخب کیا گیا ۔