ہندوستان کی کیرالا یونیورسٹی کی پروفیسر نے اپنے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ایران کو بہت زیادہ اہم قرار دیا ہے۔
ہندوستان کی کیرالا یونیورسٹی کی پروفیسر اوما نے نریندر مودی کے دورہ تہران کو اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران، تیل و گیس کے تعلق سے ہندوستان کی ضروریات کو پورا کرنے کا بااعتماد ترین ملک شمار ہوتا ہے۔ انھوں نے بدھ کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی سات فیصد اقتصادی ترقی اس بات کا باعث بنی ہے کہ اس کی توانائی کی ضروریات میں بھی اضافہ ہو اور ان ضروریات کو پورا کرنے والا ایک اہم ترین ملک، اسلامی جمہوریہ ایران ہے۔ انھوں نے کہا کہ پابندیاں ہٹنے کے بعد ہندوستان کی کمپنیوں کے پاس بہترین مواقع ہیں کہ وہ ایران کے پیٹروکیمیکل، کیمیکل کھاد، دوائیں بنانے اور تیل و گیس کے شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کریں۔ انھوں نے ہندوستان میں گیس کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سمندر کے راستے گیس پائپ لائن بچھائے جانے کا منصوبہ بھی ایک ایسا منصوبہ ہے کہ جس پر غور کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اسلامی جمہوریہ ایران کے دو روزہ سرکاری دورے پر بائیس مئی کو تہران پہنچ رہے ہیں۔