لبنان میں مقیم سعودی شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت
سعودی عرب نے لبنان میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے لبنان میں مقیم شہریوں کے لیے جمعرات کو سفری انتباہ جاری کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ وہاں سے کسی بھی اور بین الاقوامی مقام یا شہر کی جانب سفر سے گریز کریں۔
سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی اے) کے مطابق وزارت خارجہ نے لبنان میں رہنے یا وہاں مختصر قیام اور سیر کی غرض سے جانے والے تمام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ جتنا جلد ممکن ہو،اس ملک سے نکل جائیں۔
سعودی عرب سے قبل مملکت بحرین نے پانچ نومبر کو لبنان میں مقیم اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ فوری طور وطن واپس آجائیں اور وہاں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
بحرین نے یہ سفری ہدایت لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری کے استعفے کے اعلان کے ایک روز بعد جاری کی تھی۔بحرینی زارتِ خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ لبنان میں مقیم بحرینی شہریوں کے تحفظ اور ان کے اپنے مفاد میں یہ ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ وہ اس ملک میں رونما ہونے والی نئی صورت حال میں کسی بھی خطرے کا شکار ہونے سےمحفوظ رہیں‘‘۔