میانمار میں نسلی تطہیر جیسی صورت حال ہے : اقوام متحدہ
جنیوا:اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر شہزادہ زید بن رعد الحسین نے میانمار کے صوبے راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف "وحشیانہ سکیورٹی آپریشن" کو قابلِ مذمت ٹھہراتے ہوئے اس پر سخت ملامت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ گزشتہ ماہ روہنگیا باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے ساتھ کسی طور بھی مناسبت نہیں رکھتا۔
شہزادہ زید نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام انسانی حقوق کی کونسل کے سامنے کہا کہ 2.7 لاکھ سے زیادہ افراد بنگلہ دیش فرار ہو چکے ہیں اور مزید افراد سرحد کے نزدیک محصور ہیں جب کہ قانون کے دائرے سے باہر دیہات کو نذر آتش کرنے اور قتل کی کارروائیوں کی بھی رپورٹیں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ " میں میانمار کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ حالیہ وحشیانہ فوجی آپریشن کو ختم کرے ، انسانی حقوق کی تمام تر پامالیوں کی ذمے داری قبول کرے اور روہنگیا کی آبادی کے خلاف شدید امتیاز پر مبنی رجحان کو تبدیل کرے.. موجودہ صورت حال واضح طور پر نسلی تطہیر کی مثال بن چکی ہے"۔