اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز عیدالاضحی کے خطیب آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے فلسطین، یمن، شام اور پورے عالم اسلام میں صیہونیوں اور اس کے اتحادیوں کی سازشیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی سلامتی اور مفاد پر خصوصی توجہ دیں۔

آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے جمعہ کے روز تہران میں ہزاروں فرزندان اسلام کی موجودگی میں نماز عید الاضحی کےخطبے میں حج کے اہم فلسفے کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے گزشتہ روز اپنے اہم پیغام میں فرمایا کہ عالم اسلام کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حج کا فلسفہ یہی ہے کہ اسلامی ریاستوں کے حکمران، مسلمانوں کے مفادات کا دفاع اور ان کی مشکلات کا ازالہ کریں۔

آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ بدقسمتی سے آج غاصب صہیونی حکومت نے عالم اسلام کی سلامتی کو سیاسی، اقتصادی اور معنوی پہلووں سے متاثر کیا ہے۔

انہوں نے عالم اسلام کے دانشوروں اور عمائدین پر زور دیا کہ وہ فلسطین، شام، یمن اور دیگر اسلامی ممالک میں صہیونیوں اور اس کے اتحادیوں کی شیطانی سازشوں کو بے نقاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا خون بہانا اور اقتصادی مشکلات صہیونیوں اور مسلمانوں کے دشمن کا اصل مقصد ہے۔