گؤ کشی اور بیف کے نام پر دہشت گردی ملک کی سا لمیت کے لئے بڑا خطرہ
مسلمان دیش کا وفا دار ہے اور وفا دار رہے گا: مفتی محمد اسماعیل قاسمی
ممبئی ؍ مالیگاؤں : ملک بھر میں بیف اور گائے کے نام پر نام نہاد گؤ رکشو ں کے ذریعہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور دلتوں پر ہورہی غنڈہ گردی اور قتل و غارت گری کے خلاف جمعیۃ علماء شہر مالیگاؤں ارشد مدنی کے زیر اہتمام ایک احتجاجی جلوس مفتی محمد اسماعیل قاسمی ( صدر جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں،رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند،و صدر رابطہ مدارس عربیہ مہاراشٹر) کی قیادت میں مالیگاؤں کے تاریخی قلعہ سے مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہواشہیدوں کی یادگار کے پاس اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے شرکاء جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ احتجاج کسی خاص طبقہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے نہیں ہے،ہمارا یہ احتجاج اس بات کے اظہار کے لئے ہے کہ اس ملک کو دہشت گردی سے زیادہ فرقہ پرستی سے خطرہ ہے ۔
مفتی اسماعیل قاسمی نے کہا کہ مٹھی بھر فرقہ پرست جوہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کو نقصان پہونچانے در پے ہیں ہم انہیں یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ملک کے باشندے سیکولردستور پر یقین رکھتے ہیں۔یہ ملک سیکولرازم کی بنیاد پر باقی ہے اور باقی رہے گا،اسے ہندو اسٹیٹ نہیں بنایا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان اس دیش کا وفا دار ہے اور رہے گا ،ہم نے کبھی دیش سے غداری نہیں کی ،انہوں نے کہا کہ ایک سلیم شیخ 42ہندویاتریوں کی جان کی حفاظت کر لیتا ہے لیکن بھری ہوئی ٹرین کے لوگ ایک مسلم بچے کی حفاظت نہیں کر سکے۔
مفتی اسماعیل قاسمی نے ملک کے وزیر اعظم کو اپنا وعدہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی آپ 56 انچ کی چھاتی رکھتے ہیں ،اور دیش کی ترقی چاہتے ہیں تو اس ملک میں پھیلی انارکی،ظلم و بربریت اور ننگے ناچ کے خلاف آنا ہوگا۔اور ملک کی اس انار کی اور فسطائیت کو صرف زبان سے نہیں بلکہ عمل سے لگا م دینا ہوگا ۔ورنہ یاد رکھئے کہ دنیا ہماری طرف بہت غور سے دیکھ رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس ملک کی بد امنی کی وجہ سے ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس ہورہی ہیں۔
اس احتجاجی جلوس میں شہر مالیگاؤں کی مختلف تنظیموں،اداروں ،کلبوں کے قدم بہ قدم مدارس عربیہ کے طلبہ اسکول و کالجیز کے اسٹوڈینٹس اور اساتذہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔