دینی وعصری تعلیم کے ساتھ صنعتی علم کا حصول بھی لازم :مولانا سید حسن اسجد مدنی
باندرہ اردو ہائی اسکول کے طلباء میں کاپیوں کی تقسیم
ممبئی: جمعیۃ علماء کسی بھی تعلیم کی افادیت کو نظر انداز کرنے کی قائل نہیں ہے ،بشرطیکہ اخلاقی قدریں پامال نہ ہوں ۔دینی تعلیم کے ساتھ ہی عصری تعلیم کے لئے حوصلہ افزائی اور اس کے مثبت نتیجے جمعیۃ علماء کے نزدیک پسندیدہ ہیں ،اور موجودہ حالات میں صنعتی علم کا حصول بھی لازم ہے ۔ان خیالات کا اظہار نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسن اسجد مدنی نے باندرہ اردو ہائی اسکول کے طلبہ و طالبات میں کاپیوں کی تقسیم کے دوران کیا ۔
نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسن اسجد مدنی اور قاری محمد یونس چودھری (صدر جمعیۃ علماء شمال مغربی زون ،ممبئی)ہاتھوں کل بروز جمعہ باندرہ اردو ہائی اسکول کے مختلف درجات میں زیر تعلیم تقریباً 300طلباء و طالبات میں کاپیاں تقسیم کی گئیں ۔
قاری محمد یونس چودھری (صدر جمعیۃ علماء شمال مغربی زون ،ممبئی) نے کہا کہ اس وقت انگلش میڈیم اسکولوں کی طرف لوگوں کا رجحان بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے ،جس کی وجہ سے دین سے دوری ہوتی جارہی ہے ،حتیٰ کہ ہماری نئی نسل اسلام کی ضروری معلومات سے بھی نا واقف ہوتی جارہی ہے ۔اس کے لئے دینی تعلیم کے حصول کے لئے لوگوں کو ترغیب دینا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔
اس موقع پر مفتی محمد بلال قاسمی (صدر جمعیۃعلماء باندرہ کھار زون،ممبئی)حاجی ڈاکٹر عرفان (صدر بکر قصاب جماعت باندرہ)حاجی بشیر( سابق صدر بکر قصاب جماعت باندرہ)حافظ محمد اسعد (نائب صدر جمعیۃ علماء باندرہ) حافظ عبد الرشید،مولانا محمد عمران ،مولانا بذل الٰہی قاسمی کے علاوہ مقامی لوگ بھی موجود تھے۔