تین سو سے زائد عازمین حج نے شرکت کی

ناگپور (مہاراشٹر ): اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک رکن حج بیت اللہ بھی ہے جو صاحب استطاعت مسلمان پرزندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے ، حج مالی و بدنی عبادت کا مجموعہ ہے ۔کس قدر خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت سے بہرہ ور ہونے والے ہیں،اور سابقہ گناہوں سے پاک ہو کر ایسے لوٹتے ہیں جیسے کوئی بچہ شکم مادر سے پیدا ہوتے وقت گناہوں سے پاک ہوتا ہے۔ اس لئے سفر حج پر جانے سے پہلے حج کے تمام آداب کوسیکھ لینا چاہئے ،تمام ارکان ،فرائض،واجبات،سنن و مستحبات اور ہر موقع کی دعائیں یاد کرلینا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار معلم الحجاج حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند،صدر جمعیۃ علماء مالیگاؤں )نے کیا۔

حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دی ہوئی ہدایت کے مطابق ہر عازم حج کو تین ٹریننگ لازم قرار دی گئی ہے،اسی کے پیش نظر امسال حج بیت اللہ کے لئے جانے والے عازمین حج کے لئے جمعیۃ علماء ناگپور(ارشد مدنی) کی جانب سے دو روزہ حج تربیتی کیمپ یکم جولائی صبح ساڑھے نو بجے مسجد بکر قصاب میں منعقد کیا گیا جس کا اختتام دوسرے روز بعد نماز عصرہوا،جس میں شہر مالیگاؤں کے معلم الحجاج حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند،صدر جمعیۃ علماء مالیگاؤں )نے عازمین حج کی آسان و سہل انداز میں تربیت و رہنمائی فرمائی اور عازمین حج کے سوالوں کے تشفی بخش جواب عنایت فرمائے،اس کیمپ میں تین سو سے زائد عازمین حج نے شرکت فرما کر استفادہ کیا ،اور حج ٹریننگ سر ٹیفیکیٹ بھی حاصل کیا۔

اس کیمپ میں مسجد بکر قصاب کے اما م حافظ مسعود،مکی سیٹھ،عتیق قریشی،اسلام جعفری،حاجی اعجاز قریشی،حافظ محمد مختار،نیاز لیڈر،عبد الباسط،
حاجی سلیم،حبیب الرحمٰن،محمد شریف،محمد اعجاز،اختر پٹیل،عبد الرفیق،عبد العزیز،و دیگرمعززین شہر نے شرکت کی ۔

اس تربیتی کیمپ میں حافظ شمیم ،سعید پیارے اور جمعیۃ علماء ناگپور کے صدر و تمام ممبران نے حاجیوں کی بھر پور خدمت کی ۔واضح رہے کہ امسال حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ضلع ناگپور سے 550عازمین حج سفر پر روانہ ہوں گے۔