فروغِ اہل سنت کے لئے تعلیمات اعلیٰ حضرت کی تلقین
مرکز نالج سٹی میں جامع الفتوح کے تحت منعقدہ رسالت رسول کے اجلاس سے شیخ ابوبکرکا اظہارخیال
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
کیداپوئل میں واقع مرکز نالج سٹی میں ربیع الاول کی مناسبت سے رسالت رسول اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں ریاست کے معزز علما اورمشائخ کرام بڑی تعداد میں شریک رہے۔ اس موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے ملت کی فلاح وبہبودی اور خدمت دین کے لئے امام احمد رضا خان کی تعلیمات کی تلقین کی ہے۔ شیخ نے کہاکہ تاجدار اہل سنت نے دس نکاتی فارمولہ ہم سب کو دیا ہے۔ جس پر عمل پیرا ہوکر ہم ملت کی فلاح وبہبودی اور خدمت دین اعلیٰ طریقے سے کرسکتے ہیں۔ شیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ آج علما کو چاہئے کہ تعلیمات اعلیٰ حضرت کو اپنا مشن بنائیں۔ جس کے تحت بہترین تعلیمی ادارہ کھولے جائیں اور اعلی تعلیم کا بندوبست ہو،طلبہ کو ماہانہ وظائف اور مدرسوں کی ان کی کارکردگی پر بیش بہا تنخواہ دی جائے۔ذی صلاحیت طلبہ کو دعوت دین کے لئے ملک وبیرون ممالک بھیجا جائے،تبلیغ دین کی خاطر مصنفوں کو اجرت دے کر رسالہ لکھوائیں اور اسے فری طور پر عوام وخواص میں تقسیم کرائیں۔گرانڈ مفتی آف انڈیا نے کہاکہ دس نکاتی پروگرام کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔اس سے معاشرہ میں ترویج واشاعت کا کام بہترین طریقے سے ہوگا۔سنی یوتھ آرگنائزیشن کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے سالانہ رسالت رسول اسپیچ کا افتتاح کیا۔آخر میں پروگرام کا اختتام صلوۃ وسلام پر ہوا۔